ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل، ہوناور، کمٹہ، انکولہ اور کاروار سمیت ساحلی کرناٹکا میں زبردست بارش ؛ کئی راستے تالاب میں تبدیل؛ ہوناور میں کئی اسکولوں میں چھٹی

بھٹکل، ہوناور، کمٹہ، انکولہ اور کاروار سمیت ساحلی کرناٹکا میں زبردست بارش ؛ کئی راستے تالاب میں تبدیل؛ ہوناور میں کئی اسکولوں میں چھٹی

Thu, 04 Jul 2024 12:09:06    S.O. News Service

بھٹکل 4/جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل، ہوناور، کمٹہ، انکولہ اور کاروار سمیت  ساحلی کرناٹکا میں گذشتہ  ایک ہفتے سے زوردار بارش کا سلسلہ جاری ہے، مگر آج جمعرات صبح سے ہی  زبردست بارش کے نتیجے میں کئی نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے، کئی راستے تالاب میں تبدیل ہوگئے ہیں، کئی تعلقوں میں نیشنل ہائی وے پر پانی جمع ہوجانے سے  ٹریفک نظام متاثر ہوا ہے۔

بھٹکل رنگین کٹہ نیشنل ہائی وے پر  گذشتہ چند سالوں کی طرح اس بار بھی  بھاری بارش کے چلتے پانی جمع ہوگیا اور راستہ تالاب میں تبدیل ہوگیا۔بالخصوص صبح آٹھ بجے یہاں پانی اتنی زیادہ مقدار میں جمع ہوگیا تھا کہ ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا تھا، مگر  پھر بارش میں تھوڑی کمی ہونے کے بعد تھوڑا بہت پانی اُترگیا، جبکہ بعد میں   میونسپالٹی کی طرف سے  پانی  خالی کرنے کا عمل شروع کیا گیا۔  البتہ بارش کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔

شمس الدین سرکل سے متصل ساگر روڈ  پربھی  پانی بھاری مقدار میں جمع ہوجانے سے   مسئلہ پیدا ہوگیا، اب میونسپالٹی کی طرف سے یہاں  بارش کے پانی کی نکاسی کے نالوں کی صفائی کی جارہی ہے اور پانی کو خالی کیا جارہا ہے،  شدید بارش کے وجہ سے تعلقہ کے  حنیف آباد میں  کئی کمپاونڈوں اور باغات میں پانی بھرجانے سے  نقصانات کی اطلاعات ہیں۔ 

بھاری بارش کی وجہ سے  بھٹکل کے کئی مقامات پر انڈر گراونڈ ڈرینج سسٹم  کے غیر معیاری کاموں کی وجہ سے سڑکیں دھنس گئی ہیں۔  کوگتی سے آزانگر جانے والے روڈ کی حالت پہلے سے خستہ بنی ہوئی ہے، اسی کے ساتھ  مدینہ کالونی کے محی الدین اسٹریٹ،  ڈونگر پلی، عبدالکلام روڈ( زمرمّٹا روڈ) کی حالت بد سے بدتر ہوگئی ہے اور یہاں اسکول وینوں کا گذرمشکل ہوگیا ہے۔  آزاد نگر، کارگیدے، مزمل مسجد روڈ سمیت کئی علاقوں کی سڑکیں بارش کے پانی میں بہہ گئی ہیں۔جس کی وجہ سے اکثر علاقوں میں  اسکول بسوں کا گذر بند ہوگیا ہے۔ انجمن کی اسکول  وین  پھنسنے کی ایک واردات  عبدالکلام روڈ سے موصول ہوئی تھی، اب اسی طرح کی واردات تعلقہ کے  گورٹے میں بھی پیش آئی ہے جہاں سدھارتھا اسکول کی وین روڈ میں  دھنس جانے سے  طلبہ کو اسکول   جانے میں دشواری پیش آئی ہے۔

پڑوسی ہوناور تعلقہ  سے ملی اطلاع کے مطابق  بھاری بارش کے چلتے تعلقہ کی گُنڈوبال ندی   اُبل پڑی ہے جس کے نتیجے میں کئی دیہاتوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔ شدید بارش کو دیکھتے ہوئے اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر گنگوبائی مانکر نے ہوناور تعلقہ کے    پانچ دیہاتوں کے اسکولوں میں چھٹی  کا اعلان کیا ہے۔  تعلقہ کے ولکی  میں بھی ندی بھر جانے سے   پانی اُبل  کر باہر بہہ رہا ہے جس کے نتیجے میں  ولکی جامع مسجد کے اطراف کا پورا علاقہ تالاب میں تبدیل ہوگیا ہے۔جس سڑک پر لوگ پیدل چلتے تھے، وہاں اب کشتیاں چل رہی ہیں۔ ہوناور کے ہاڈین  بال میں کئی مکانوں کے اندر پانی گھس جانے سے لوگ پریشان ہیں، بتایا گیا ہے گھاٹ سیکشن بالخصوص سداپور میں بھاری بارش ہونے کی وجہ سے  پہاڑی سے بہنے والے پانی سے ندیاں بھرگئی ہیں۔

اُترکنڑا  کے گھاٹ سیکشن میں بھی بھاری بارش کی وجہ سے  ہوناور۔ساگر روڈ  بند ہونے کی اطلاع ملی ہے۔بتایا گیا ہے کہ  ہوناور سے بینگلور جانے والے  نیشنل ہائی وے 69  میں بھاسکیری نامی مقام پر پھر ایک بار چٹان کھسکنے کے ساتھ ایک بڑا درخت گرنے کی وجہ سے  ہائی وے  بند ہوگیا ہے۔ اسی طرح کی اطلاع  کمٹہ ۔ سرسی روڈ سے بھی موصول ہوئی ہے ، جہاں  پانی بھرجانے سےایک دیہات سے دوسرے دیہات کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے اور ٹریفک نظام ٹھپ پڑ گیا ہے۔  پتہ چلا ہے کہ کمٹہ سے سرسی ہوتے ہوئے  بینگلور جانے کا راستہ بند ہوجانے سے  کئی بسیں  اس روٹ پر   پھنس گئی ہیں۔

اُترکنڑا کے ساتھ ساتھ پڑوسی ضلع اُڈپی کے بیندور،  کنداپور، اُڈپی اور مینگلور میں بھی بھاری بارش ہونے کی اطلاعات ہیں اور کئی نشیبی علاقے  تالاب میں تبدیل ہونے کی خبریں ہیں۔  کنداپور کے ایک دیہات میں مندر کے اندر پانی بھرنے  سمیت  بیندور تعلقہ کے  مرونتے میں بھی کئی مکانوں اور مذہبی علاقوں میں  پانی بھرنے کی اطلاعات ملی ہیں۔ الغرض پورے ساحلی کرناٹک میں آج جمعرات صبح سے ہی شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے اور آسمان ابرآلود ہونے کی وجہ سے  تمام علاقوں میں شام جیسا اندھیرا ہے۔

 


Share: